وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی ہدایت پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی رقوم میں غیر قانونی کٹوتیوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے، جس کے دوران 13 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
حکام کے مطابق ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن سرکل کی خصوصی ٹیموں نے لاہور اور ننکانہ صاحب کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔ کارروائیوں کے دوران ایسے افراد کو گرفتار کیا گیا جو مستحق خواتین کو دی جانے والی مالی امداد میں سے فی کس 1,500 سے 2,500 روپے تک غیر قانونی طور پر بطور کمیشن وصول کر رہے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو رقم وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ کارروائی کے وقت امدادی رقوم لینے کے لیے بڑی تعداد میں مستحق خواتین مراکز پر موجود تھیں، جن سے مبینہ طور پر غیر قانونی کٹوتیاں کی جا رہی تھیں۔
حکام نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے متعدد قومی شناختی کارڈز، رجسٹرز، موبائل فونز، بینک کنیکٹ ڈیوائسز اور دیگر متعلقہ سامان برآمد کرلیا گیا ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ مستحق افراد کی مالی امداد میں خرد برد یا غیر قانونی کٹوتیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے تاکہ امدادی رقوم شفاف انداز میں مستحقین تک پہنچ سکیں۔