اے این ایف کی ملک بھر میں کارروائیاں، 79 کلو سے زائد منشیات برآمد، 8 ملزمان گرفتار

image

انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ 68 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 79.154 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے ایک مسافر کے سامان اور جوتوں میں مہارت سے چھپائی گئی 3.2 کلوگرام آئس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ اسی طرح ایک اور کارروائی میں کویت جانے والے مسافر کے بیگ سے 1.124 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جس پر اسے بھی حراست میں لے لیا گیا۔

کوئٹہ میں خائی زئی چوک کے قریب ایک گاڑی سے 18 کلوگرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ جبل نور کے علاقے میں ایک اور کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 12 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

سکھر میں شکارپور روڈ پر ایک مسافر کے قبضے میں موجود ڈرم سے 22.8 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جبکہ پشاور کے یونیورسٹی روڈ پر موٹر سائیکل سوار ملزم سے 3 کلوگرام چرس قبضے میں لی گئی۔

سیالکوٹ میں بس ٹرمینل کے قریب کارروائی کے دوران دو ملزمان کے قبضے سے 630 گرام چرس اور 400 گرام آئس برآمد کی گئی، جبکہ کراچی کے ایک کوریئر آفس میں پارسل سے 18 کلوگرام چرس بھی برآمد کرلی گئی۔

اے این ایف حکام کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US