اسلام آباد میں گھر کے اندر قائم غیر قانونی ادویہ ساز فیکٹری پکڑی گئی

image

وفاقی دارالحکومت کے علاقے غوری ٹاؤن میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی مشترکہ کارروائی میں گھر کے اندر قائم غیرقانونی ادویات ساز فیکٹری پکڑلی گئی، جہاں بغیر لائسنس اور رجسٹریشن کے انسانوں اور جانوروں کے لیے ادویات تیار کی جا رہی تھیں۔

حکام کے مطابق مشترکہ چھاپے کے دوران بڑی مقدار میں تیار شدہ انسانی اور ویٹرنری ادویات، خام مال، پیکنگ میٹریل اور پولٹری میں استعمال ہونے والی لاکھوں روپے مالیت کی ادویات برآمد کرلی گئیں۔ کارروائی کے دوران فیکٹری میں موجود دو ملازمین کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ڈریپ حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والا تمام اسٹاک قبضے میں لے کر غیرقانونی فیکٹری کو سیل کردیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے۔

حکام کے مطابق ضبط کی گئی بعض ادویات کی فی یونٹ قیمت 40 ہزار روپے تک بتائی جا رہی ہے، جس سے برآمد ہونے والے سامان کی مجموعی مالیت لاکھوں روپے بنتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US