اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی (انٹر بورڈ) نے انٹرمیڈیٹ سال دوم (بارہویں جماعت) کے سالانہ امتحانات 2026 کے سائنس پری میڈیکل، آرٹس پرائیویٹ، ہوم اکنامکس اور خصوصی امیدواروں (آرٹس ریگولر) کے نتائج کا اعلان کر دیا۔
چیئرمین انٹر بورڈ فقیر محمد لاکھو نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال پری میڈیکل گروپ میں پہلی دو پوزیشنیں سرکاری کالجوں کی طالبات نے حاصل کی ہیں۔
پری میڈیکل گروپ میں بی اے ایم ایم پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج فار ویمن کی طالبہ حفصہ خان نے 1100 میں سے 1011 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اسی کالج کی ہدیٰ سرور 1007 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ بحریہ کالج کارساز کی طالبہ آمنہ عزیز 1004 نمبر لے کر تیسری پوزیشن پر رہیں۔
ناظم امتحانات زرینہ راشد کے مطابق پری میڈیکل گروپ میں 23 ہزار 7 امیدوار امتحان میں شریک ہوئےجن میں سے 14 ہزار 134 کامیاب قرار پائے۔ اس طرح کامیابی کا تناسب 61.43 فیصد رہا۔
آرٹس پرائیویٹ گروپ میں رافعہ شعیب جالی والا نے 925 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن اپنے نام کی جبکہ الماس فاطمہ اور خانسا رضا نے 902 نمبر کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ امرہ شعیب جالی والا 901 نمبر لے کر تیسرے نمبر پر رہیں۔ اس گروپ میں کامیابی کا تناسب 50.04 فیصد رہا۔
ہوم اکنامکس گروپ میں رعنا لیاقت علی خان گورنمنٹ کالج آف ہوم اکنامکس کی طالبہ ازکیٰ عمران نے 973 نمبر حاصل کر کے پہلی، عائلہ انور نے 968 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ یمنیٰ شارق نے 953 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس گروپ کا کامیابی کا تناسب 52.47 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
خصوصی امیدواروں (آرٹس ریگولر) میں ابصا ہائیر سیکنڈری اسکول کے طالب علم سید حماد علی نے 1004 نمبر کے ساتھ پہلی، دیوا ہائیر سیکنڈری اسکول کے طحہٰ احمد نے 990 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ مریم بی بی نے 985 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس گروپ میں کامیابی کا تناسب 95.87 فیصد رہا۔
انٹر بورڈ کراچی کے مطابق تمام نتائج بورڈ کی ویب سائٹ اور آفیشل اینڈرائیڈ ایپ BIEK پر جاری کر دیے گئے ہیں، جہاں امیدوار اپنے نتائج آن لائن دیکھ سکتے ہیں۔