آزاد کشمیر انتخابات: دوسرے مرحلے میں 21 حلقوں میں پولنگ جاری، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

image

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں آج 21 حلقوں میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔ ووٹنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا، جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن کی 9 جبکہ مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 12 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالیں گے۔ اس مقصد کے لیے 1483 پولنگ اسٹیشنز اور 2219 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، جبکہ ایل اے 28، ایل اے 29 اور ایل اے 31 کو انتہائی حساس قرار دے کر خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 8، حساس پولنگ اسٹیشنز پر 6 اور نارمل پولنگ اسٹیشنز پر 4 سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاکہ انتخابی عمل پرامن اور شفاف انداز میں مکمل ہوسکے۔

انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت 25 سیاسی جماعتوں اور متعدد آزاد امیدواروں کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔ مظفرآباد ڈویژن میں 208 جبکہ مہاجرین کی نشستوں پر 143 امیدوار میدان میں ہیں، جہاں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

ضلع مظفرآباد کی پانچ نشستوں پر 4 لاکھ 80 ہزار 219، ضلع نیلم کی دو نشستوں پر ایک لاکھ 51 ہزار 911 جبکہ ضلع جہلم ویلی کی دو نشستوں پر ایک لاکھ 77 ہزار 500 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

چیف الیکشن کمشنر غلام مصطفیٰ مغل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بھرپور انداز میں ووٹ ڈال کر اپنا قومی فرض ادا کریں اور اپنے ووٹ کی طاقت سے اہل اور دیانتدار قیادت کا انتخاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ پرامن، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر انتخابات کا تیسرا مرحلہ 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں ہوگا، جس کے لیے بھی الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US