کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی بُو کا معاملہ: سوئی سدرن گیس کمپنی نے حقیقت بتا دی

image

کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی بُو پھیلنے اور لیکیج کی موصول ہونے والی شکایات پر سوئی سدرن گیس کمپنی کا موقف سامنے آ گیا۔

ترجمان سوئی سدرن کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ گلشن سے گلشنِ معمار تک 16 انچ قطر کی نئی گیس پائپ لائن کو فعال کر کے فراہمی شروع کردی گئی ہے، جس کے بعد کمپنی اپنے پلانٹ کی ٹیسٹنگ کر رہی ہے۔

ٹیسٹنگ کے اس عمل کے دوران گیس میں بُو پیدا کرنے والے کیمیائی مادے (اوڈورینٹ) کی مقدار معمول سے زیادہ شامل کی گئی ہے، جس کی وجہ سے بعض مقامات پر شہریوں کو زیادہ بُو محسوس ہو رہی ہے اور گیس لیکیج کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔

ترجمان سوئی سدرن نے واضح کیا ہے کہ گیس سسٹم کے تمام پریشر بالکل درست ہیں اور اب تک کسی قسم کی گیس لیکیج رپورٹ نہیں ہوئی۔ یہ بُو صرف ٹیسٹنگ کے باعث اوڈورینٹ کی زیادہ مقدار کی وجہ سے آرہی ہے، لہٰذا کمپنی صارفین سے درخواست کرتی ہے کہ وہ پریشان نہ ہوں اور اطمینان کے ساتھ اپنے معمول کے کام جاری رکھیں۔

ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی سلمان صدیقی کے مطابق گزشتہ شب شروع کیا جانے والا کمیشننگ کا عمل اب اختتام پذیر ہوچکا ہے، جس کے نتیجے میں ابوالحسن اصفہانی روڈ، گلشن معمار، الآصف اسکوائر، میٹروول سمیت گلشنِ اقبال اور اسکیم 33 کے بعض علاقوں میں گیس کی فراہمی بحال کردی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US