کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شاندار تیزی کے ساتھ کاروبار کا آغاز ہوا جہاں سرمایہ کاروں کی بھرپور خریداری کے باعث مارکیٹ نے ابتدائی لمحات میں ہی دو اہم نفسیاتی حدیں عبور کرلیں۔
ٹریڈنگ کے آغاز پر ہنڈرڈ انڈیکس 2 ہزار 366 پوائنٹس کے اضافے سے اوپر گیا جبکہ کچھ ہی دیر بعد تیزی میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا اور انڈیکس 2 ہزار 891 پوائنٹس بڑھ کر 178 ہزار 986 پوائنٹس پر ٹریڈ کرنے لگا۔
نمایاں تیزی کے باعث مارکیٹ نے کاروبار کے آغاز میں ہی 177 ہزار اور 178 ہزار پوائنٹس کی دونوں حدیں دوبارہ حاصل کرلیں جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے کا اشارہ ملا۔
اسٹاک مارکیٹ کے تجزیہ کاروں کے مطابق ایران پر ممکنہ حملے کے خدشات میں کمی اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ہونے والی گراوٹ نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو تقویت دی، جس کے باعث مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا۔
تجزیہ کاروں کا مزید کہنا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان آج متوقع مذاکرات کی امید بھی مارکیٹ کی بحالی کی ایک اہم وجہ بنی، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں نے بڑے پیمانے پر خریداری کی اور مارکیٹ ریکوری ٹریک پر آگئی۔