پاکستان کی ایک ٹائر ساز کمپنی کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی تعاون تنظیم (جی ایس او) کے رکن ممالک میں ٹائر برآمد کرنے کی باضابطہ منظوری مل گئی، جسے ملکی برآمدات کے شعبے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
کمپنی کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اسے گلف اسٹینڈرڈائزیشن آرگنائزیشن (GSO) سے سرکاری منظوری حاصل ہوگئی ہے، جس کے بعد کمپنی اپنی مصنوعات خلیجی منڈیوں میں برآمد کر سکے گی۔
اعلامیے کے مطابق پاکستانی کمپنی ابتدائی مرحلے میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور قطر سمیت جی ایس او کے دیگر رکن ممالک کو ٹائر برآمد کرے گی۔
ماہرین کے مطابق اس منظوری سے نہ صرف پاکستانی ٹائر انڈسٹری کے لیے نئی برآمدی منڈیاں کھلیں گی بلکہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور صنعتی شعبے کی ترقی میں بھی مثبت پیش رفت متوقع ہے۔