کھڑکیاں صاف کرنے کا بھی ورلڈ کپ، ماہر کلینرز عالمی اعزاز کے لیے آمنے سامنے

image

دنیا بھر میں صفائی کے شعبے سے وابستہ افراد کے لیے ایک منفرد عالمی مقابلہ منعقد کیا جاتا ہے جس میں کھڑکیاں صاف کرنے والے ماہرین عالمی چیمپئن بننے کے لیے اپنی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

ورلڈ ونڈو کلیننگ ورلڈ کپ ہر سال لندن میں منعقد ہوتا ہے جہاں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے پروفیشنل ونڈو کلینرز شرکت کرتے ہیں۔ بظاہر آسان نظر آنے والا یہ کام دراصل رفتار، مہارت اور مکمل صفائی کی صلاحیت کا امتحان ہوتا ہے۔

71 سالہ ٹیری بروز، جنہیں ونڈو کلیننگ کی دنیا کا یوسین بولٹ کہا جاتا ہے اس مقابلے کے مشہور ترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے 2009 میں صرف 9.14 سیکنڈز میں 45×45 انچ کے تین شیشے صاف کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا، جو آج تک برقرار ہے۔

مقابلے کے دوران شرکا کو مخصوص آلات فراہم کیے جاتے ہیں، جن میں 12 انچ کا اسکوئیجی، 14 انچ کا اپلیکیٹر، پانی کی بالٹی، کلیننگ ڈیٹرجنٹ اور کپڑا شامل ہوتا ہے۔ انہیں مقررہ وقت میں تین شیشوں کو نہ صرف تیزی سے بلکہ مکمل صفائی کے ساتھ صاف کرنا ہوتا ہے۔

شرکا شیشے صاف کرنے کے لیے ہاتھوں کو مخصوص انداز میں حرکت دیتے ہیں اور اسکوئیجی کو انگریزی حرف S کی شکل میں چلاتے ہیں تاکہ شیشے پر کوئی نشان یا داغ باقی نہ رہے۔

مقابلے میں رفتار کے ساتھ معیار بھی انتہائی اہم ہوتا ہے۔ شیشے پر پانی کا قطرہ، دھبہ یا لکیر رہ جانے کی صورت میں کھلاڑی کو پینلٹی دی جاتی ہے جبکہ نمایاں غلطی پر مزید وقت شامل کر دیا جاتا ہے۔تین ججز ہر حرکت اور صفائی کے معیار کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہیں تاکہ معمولی غلطی بھی نظر انداز نہ ہو۔

ورلڈ ونڈو کلیننگ ورلڈ کپ کے فاتح کو 1000 برطانوی پاؤنڈ نقد انعام دیا جاتا ہے تاہم شرکا کے لیے سب سے بڑا اعزاز دنیا کے بہترین ونڈو کلینر کا خطاب حاصل کرنا ہوتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US