سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے مطابق 16 انچ قطر کے ایک والو میں اچانک خرابی پیدا ہونے کے باعث کوئٹہ شہر کے متعدد علاقوں میں گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل ہوگئی ہے۔
ترجمان سوئی سدرن کے مطابق خرابی کے فوری ازالے اور مرمت کے لیے تکنیکی عملہ ہنگامی بنیادوں پر کام میں مصروف ہے، اور مرمتی کام کامیابی سے مکمل ہونے کی صورت میں گیس کی فراہمی آج شام 6:00 بجے تک بحال کیے جانے کی توقع ہے۔
کمپنی کی جانب سے متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گیس کی فراہمی مکمل بحال ہونے تک اپنے روزمرہ کے استعمال کے لیے ضروری متبادل انتظامات کرلیں۔
سوئی سدرن کے مطابق اس عارضی معطلی سے متاثر ہونے والے علاقوں میں بکر منڈی، بھوسہ منڈی، لنک بدنی، سریاب روڈ، قمبرانی روڈ، کیرانی روڈ، ترکھا، سیٹلائٹ ٹاؤن، گول منڈی، مالی باغ، مشن اسپتال اور اکرم اسپتال شامل ہیں۔