پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہفتے کے پہلے کاروباری روز سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے سے مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور کاروبار مثبت رجحان پر اختتام پذیر ہوا۔
کاروبار کا آغاز 2,366 پوائنٹس کے نمایاں اضافے سے ہوا جبکہ دورانِ ٹریڈنگ ہنڈرڈ انڈیکس میں 2,800 سے زائد پوائنٹس کی تیزی بھی ریکارڈ کی گئی۔
کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 2,106 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 178,200 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ مارکیٹ نے 177 ہزار اور 178 ہزار پوائنٹس کی دونوں اہم حدیں بھی دوبارہ عبور کر لیں۔
اسٹاک مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق ایران پر حملے کے خدشات کم ہونے، ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات شروع ہونے کی امید اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط کیا، جس کے نتیجے میں مارکیٹ ریکوری ٹریک پر آگئی۔