پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے افغانستان کے میڈیکل کالجوں میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کے لیے ایک اہم ایڈوائزری جاری کی ہے، جس کے تحت افغانستان سے فارغ التحصیل ہونے والے میڈیکل اور ڈینٹل گریجویٹس پاکستان میں پریکٹس کرنے کے اہل نہیں ہوں گے۔
کونسل نے واضح کیا ہے کہ افغان اداروں سے ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ کو پی ایم ڈی سی سے رجسٹریشن فراہم نہیں کی جائے گی۔
ایڈوائزری میں مزید بتایا گیا ہے کہ افغانستان کے میڈیکل ادارے عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایجوکیشن کمیشن آف فارن میڈیکل گریجویٹس (ای سی ایف ایم جی) کی فہرست میں شامل نہیں ہیں، جس کی وجہ سے وہاں سے پاس آؤٹ ہونے والے طلبہ پاکستان کے نیشنل رجسٹریشن امتحان (این آر ای) میں بھی شرکت نہیں کرسکیں گے۔
پی ایم ڈی سی نے طلبہ اور ان کے والدین کو سخت ہدایت کی ہے کہ وہ افغانستان کے کسی بھی ادارے میں داخلہ لینے سے پہلے ای سی ایف ایم جی کی منظوری کی تصدیق لازمی طور پر کر لیں تاکہ ان کا مستقبل محفوظ رہ سکے۔