سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ میں اصلاحات کے لیے ایک اعلیٰ سطح کا ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا ہے، جو ڈیٹ مارکیٹ میں بہتری اور ترقی کے لیے اپنی تفصیلی سفارشات پیش کرے گا۔
ایس ای سی پی کے مطابق اس ورکنگ گروپ کی سربراہی کمشنر ایس ای سی پی محمد علی فرید خواجہ کریں گے، جبکہ گروپ میں وزارتِ خزانہ، بینکوں، دیگر مالیاتی اداروں، کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں اور مارکیٹ کے اہم اسٹیک ہولڈرز کی نمائندگی شامل ہے۔
ترجمان ایس ای سی پی نے بتایا کہ یہ ورکنگ گروپ ڈیٹ سیکیورٹیز اور سکوک کے اجرا کے موجودہ ریگولیٹری فریم ورک کا جائزہ لے گا اور ڈیٹ مارکیٹ کی ترقی میں حائل تمام تر رکاوٹوں کی نشاندہی کر کے عملی سفارشات مرتب کرے گا۔ ان اصلاحات کا بنیادی مقصد ڈیٹ سیکیورٹیز کے اجرا کے عمل کو تیز تر، آسان اور کم لاگت بنانا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ کا فروغ اور استحکام ان کی اہم ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک مستحکم اور فعال ڈیٹ مارکیٹ کے وجود سے ملک کی انڈسٹری اور حکومت دونوں کو طویل المدتی کپیٹل کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔