سندھ کے سرکاری اسکولوں میں فیشل ریکگنیشن حاضری سسٹم کی منظوری، 17 اگست سے 6 اضلاع میں آغاز

image

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سرکاری اسکولوں میں فیشل ریکگنیشن اٹینڈنس مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سسٹم (فریمز) نافذ کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی حاضری جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مانیٹر کی جائے گی۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ کی زیرِ صدارت محکمۂ اسکول ایجوکیشن کے اجلاس میں وزیرِ تعلیم سندھ سردار علی شاہ، چیف سیکریٹری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وزیرِ تعلیم نے فریمز منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈیٹا پر مبنی گورننس کے ذریعے تعلیمی انتظام مزید مؤثر بنایا جائے گا اور نظام کے نفاذ کے لیے تمام تکنیکی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں صوبے کے ہر ڈویژن سے ایک ضلع منتخب کیا گیا ہے، جبکہ محدود انٹرنیٹ سہولت رکھنے والے علاقوں میں بھی یہ نظام مؤثر انداز میں کام کرے گا۔ تمام اسکولوں کی جیو ٹیگنگ مکمل کرلی گئی ہے اور نئے نظام کے تحت اساتذہ کی آمد و روانگی کا ریکارڈ خودکار طور پر محفوظ ہوگا، جو درست اور ناقابلِ رد و بدل ہوگا۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں منتخب کیے گئے چھ اضلاع میں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی رجسٹریشن مکمل ہوچکی ہے، جبکہ 17 اگست سے ان اضلاع میں فریمز سسٹم کا باقاعدہ آغاز کردیا جائے گا، جہاں اساتذہ اور عملے کی حاضری فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے ریکارڈ کی جائے گی۔

سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اساتذہ کی باقاعدہ حاضری بہتر تعلیمی نتائج کے لیے ناگزیر ہے اور ہر بچے کو معیاری تعلیم کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے تعلیمی نظام میں شفافیت، احتساب اور مؤثر نگرانی کو فروغ ملے گا۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ابتدائی مرحلے میں مؤثر سپورٹ اور مانیٹرنگ کا نظام قائم کیا جائے اور اسکول انتظامیہ کو تمام ضروری تکنیکی معاونت فراہم کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کی کامیابی کے بعد اسے مرحلہ وار سندھ کے تمام اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔


Click here for Online Academic Results

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US