امریکا میں ایک خاتون اس وقت غیر متوقع مشکل میں پھنس گئیں جب ایئرپورٹ پر سیکیورٹی چیک کے دوران ان کے سامان سے امریکی خانہ جنگی کے دور سے تعلق رکھنے والے پانچ تاریخی توپ کے گولے برآمد ہوئے۔ بعد ازاں تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ یہ گولے خاتون کے کم عمر پوتے نے ان کی لاعلمی میں بیگ میں رکھے تھے۔
رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ریاست الاباما کے گلف شورز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آیا، جہاں معمول کی اسکیننگ کے دوران اہلکاروں کو سوٹ کیس میں مشتبہ اشیا نظر آئیں۔ تلاشی لینے پر کاغذ میں لپٹے ہوئے پانچ توپ کے گولے ملے، جس کے بعد فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی گئی۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ نوادرات تاریخی فورٹ مورگن سے چرائے گئے تھے۔ قلعے پر موجود شناختی نشانات کی مدد سے ان کی تصدیق کی گئی، جبکہ حکام کے مطابق یہ امریکی خانہ جنگی کے دور کی تاریخی اشیا تھیں۔ اگرچہ ان گولوں میں دھماکا خیز مواد موجود نہیں تھا، تاہم فوجی نوعیت کا سامان ہونے کی وجہ سے انہیں طیارے میں لے جانا ممنوع ہے۔
پولیس کے مطابق کم عمر لڑکے نے یہ گولے فورٹ مورگن کے اسٹوریج ایریا سے اٹھا کر اپنی دادی کے چیک اِن بیگ میں رکھ دیے تھے۔ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ انہیں اس بات کا بالکل علم نہیں تھا کہ ان کے سامان میں موجود اشیا چوری شدہ تاریخی نوادرات ہیں۔