اسلام آباد میں پاکستان اور ایران کے درمیان جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی کا 10واں اجلاس منعقد ہوا، جس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر تجارت جام کمال اور ایران کے وزیر صنعت، کان کنی و تجارت محمد اتابک نے کی۔
اجلاس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھا کر 10 ارب ڈالر تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ آزاد تجارتی معاہدے (فری ٹریڈ ایگریمنٹ) کو جلد حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اجلاس کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، کسٹمز تعاون، سرحدی تجارت اور باہمی اقتصادی روابط کے فروغ سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے، کاروباری برادری کے لیے سہولیات میں اضافے اور اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
فریقین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی و اقتصادی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔