متحدہ عرب امارات میں اپنی نوعیت کی ایک منفرد تقریب منعقد ہوئی جہاں مصنوعی ذہانت سے چلنے والے دو ہیومنائیڈ روبوٹس شادی کے بندھن میں بندھ گئےجس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
اماراتی میڈیا کے مطابق یکم اگست کو اے آئی روبوٹ 'بو سنیدہ' نے 'موزہ' نامی روبوٹ سے شادی کی۔ 'بو سنیدہ' سوشل میڈیا پر مقامی روایتی لباس اور دلچسپ انداز کی وجہ سے خاصی شہرت رکھتا ہے جبکہ اسے تحقیق کے مقصد کے لیے تیار کیے گئے یونٹری جی ون ہیومنائیڈ روبوٹ پر مبنی قرار دیا جاتا ہے۔
شادی کی ویڈیو میں بو سنیدہ کو روایتی اماراتی لباس میں رقص کرتے اور دلہن موزہ کو عبایا اور اسکارف میں ملبوس دیکھا جا سکتا ہے۔ روبوٹ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار بھی کیا جس کے بعد یہ منفرد تقریب سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی۔