چیئرمین ایف بی آر کی کاروباری رہنماؤں سے ملاقات، ٹیکس نظام آسان اور شفاف بنانے کا فیصلہ

image

وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایات کی تعمیل میں چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے آج کراچی میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) اور پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی) کے اعلیٰ سطحی وفود سے ملاقات کی جس میں کاروباری برادری کو درپیش اہم مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں کاروباری سہولیات کو مزید بہتر کرنے، تاجروں کی ہراسانی سے متعلق شکایات کے ازالے، اور ٹیکس دہندگان کے معاملات میں دیانت داری اور شفافیت کو یقینی بنا کر کاروبار کے لیے سازگار معاشی ماحول فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ کاروباری رہنماؤں نے اپنے درپیش اہم مسائل سے چیئرمین ایف بی آر کو آگاہ کیا۔

چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس سے متعلق طریقہ کار کو مزید آسان بنانے، زیر التواء ریفنڈز کی جلد ادائیگی کو یقینی بنانے اور کمپلائنس کے طریقہ کار کو سادہ بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا تاکہ تجارت اور صنعت کو فروغ حاصل ہو۔

ٹیکس حکام کو ٹیکس دہندگان کے ساتھ منصفانہ اور باوقار رویہ اختیار کرنے کی سخت ہدایات جاری کی گئیں جبکہ اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی کہ جائز کاروباری اداروں کو ہراساں کرنے کی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس کے دوران شرکاء کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل سنے گئے اور متعدد معاملات پر موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کر دی گئیں۔

فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اعلیٰ سطح پر باقاعدہ رابطوں میں اضافہ کر کے شفافیت کو مزید فروغ دیا جائے گا جبکہ کراچی میں ممبران آپریشنز اور ان کے سینئر افسران کی جانب سے مسلسل نگرانی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

ایف بی آر اور کاروباری برادری کے نمائندوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ کاروباری طبقے کی حقیقی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے باہمی تعاون پر مبنی ایک مستقل نظام قائم کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ایف بی آر کی اعلیٰ قیادت اور کاروباری برادری کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی تاکہ طریقۂ کار کو مزید مؤثر بنایا جا سکے، زیر التواء معاملات کو تیزی سے نمٹایا جا سکے اور تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کو یقینی بنایا جا سکے۔

ایف پی سی سی آئی اور پاکستان بزنس کونسل کے وفود نے وزیراعظم پاکستان کے اس بروقت اور مثبت اقدام کو سراہا- وفود نے چیئرمین ایف بی آر کے تعمیری اور حل پر مبنی مذاکرات کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ اقدامات کاروباری اعتماد میں اضافہ اور قومی اقتصادی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US