کراچی کی بندرگاہوں کیلیے تاریخی ٹرانس شپمنٹ مراعاتی پیکج کا اعلان

image

وفاقی وزیرِ بحری امور جنید انوار چوہدری نے کراچی کی بندرگاہوں کے لیے تاریخی ٹرانس شپمنٹ مراعاتی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا مقصد پاکستان کو خطے کا اہم ٹرانس شپمنٹ حب بنانا اور بندرگاہی تجارت کو فروغ دینا ہے۔

وزیرِ بحری امور نے بتایا کہ نئی پالیسی کے تحت ٹرانس شپمنٹ کارگو کی ہینڈلنگ لاگت میں نمایاں کمی کی جا رہی ہے، جبکہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق بحری شعبے میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم کی قیادت میں بندرگاہی نظام کو مزید مؤثر اور مسابقتی بنایا جا رہا ہے۔

جنید انوار چوہدری کے مطابق ٹرانس شپمنٹ جہازوں کو پورٹ ہینڈلنگ چارجز میں 80 فیصد تک رعایت دی جائے گی، جبکہ زیادہ ٹرانس شپمنٹ کارگو لانے والے جہازوں کو مزید مراعات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی پورٹ پر وہارفیج چارجز میں 20 سے 80 فیصد تک رعایت دی گئی ہے، جبکہ وہاں 14 روز اور ٹی پی ایکس ایریا میں 30 روز تک مفت اسٹوریج کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ اسی طرح پورٹ قاسم پر وہارفیج میں 100 فیصد رعایت دی جائے گی، جبکہ ٹرمینلز پر 7 روز مفت اسٹوریج کی سہولت ہوگی، جسے ضرورت پڑنے پر 21 روز تک بڑھایا جا سکے گا۔

وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ کنٹینر ٹرمینلز نے بھی ٹرمینل ہینڈلنگ چارجز میں 25 فیصد تک کمی کر دی ہے، جبکہ تمام پرانے ٹرانس شپمنٹ ایس آر اوز اور نوٹیفکیشنز ختم کر کے ایک جامع اور یکساں پالیسی نافذ کی جا رہی ہے۔

اس موقع پر چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ نے کہا کہ نئی مراعات سے بندرگاہوں پر ٹرانس شپمنٹ سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، جبکہ ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمد کا کہنا تھا کہ اس پیکج سے جہازوں کے ٹرن اراؤنڈ ٹائم میں تاریخی کمی آئے گی، جس سے پاکستان کی بندرگاہوں کی علاقائی مسابقت میں مزید بہتری آئے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US