کینسر میں مبتلا باپ کے بیٹے کے نام آخری الفاظ نے لاکھوں افراد کو آبدیدہ کردیا

image

سوشل میڈیا پر کینسر کے آخری مرحلے میں مبتلا ایک والد کی اپنے کم عمر بیٹے کے لیے ریکارڈ کی گئی جذباتی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس نے دنیا بھر کے لاکھوں افراد کو غمزدہ کردیا۔

ویڈیو میں طبی ماسک پہنے والد اپنے ننھے بیٹے سے نہایت اطمینان اور محبت سے گفتگو کرتے ہیں۔ اپنی زندگی کے آخری ایام میں بھی انہوں نے اپنی بیماری کے بجائے بیٹے کے مستقبل اور خاندان کی ذمہ داریوں پر توجہ دی۔

والد نے بیٹے سے کہا، " اگر میں تم سے بہت دور چلا جاؤں تو ہمیشہ اپنی ماں کی بات ماننا، ضد نہیں کرنا، اپنی ماں اور اپنی دونوں بہنوں کا خیال رکھنا۔ کبھی یہ مت پوچھنا کہ ابو کہاں گئے۔ جب بھی میری یاد آئے، سمجھنا میں ہمیشہ تمہارے ساتھ ہوں۔"

والد کے ان الفاظ نے سوشل میڈیا صارفین کو گہرے جذبات میں مبتلا کر دیا۔ کئی افراد نے کہا کہ ویڈیو دیکھ کر ان کی آنکھیں نم ہو گئیں، جبکہ متعدد صارفین نے غمزدہ خاندان کے لیے صبر اور حوصلے کی دعا بھی کی۔

صارفین کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں سب سے زیادہ دل کو چھو لینے والا منظر ننھے بچے کی معصومیت تھی، جو شاید اپنے والد کی باتوں کا مکمل مطلب نہیں سمجھ پا رہا تھا۔

بہت سے لوگوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ جان لیوا بیماری صرف مریض ہی نہیں بلکہ اس کے اہلِ خانہ، خصوصاً کم عمر بچوں پر بھی گہرے جذباتی اثرات چھوڑتی ہے۔

یہ ویڈیو لوگوں کو اس بات کا احساس بھی دلا رہی ہے کہ اپنے پیاروں کے ساتھ گزارا گیا وقت اور ان سے محبت کا اظہار زندگی کی سب سے قیمتی نعمتوں میں سے ایک ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US