بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے میٹرک کے پہلے سالانہ امتحان 2026 کے نتائج کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
نتائج کی معلنہ تفاصیل کے مطابق امتحان میں مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب 61.31 فیصد رہا، جس میں طالبات کی کامیابی کی شرح 70.18 فیصد جبکہ مرد طلبہ کی کامیابی کی شرح 51.99 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اس سالانہ امتحان میں کل 1 لاکھ 20 ہزار 4 سو 11 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
نتائج کے اعلان کے سلسلے میں مرکزی تقریب فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں منعقد ہوئی، جس میں رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) ملک ابرار احمد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں چیئرمین راولپنڈی بورڈ پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود سمیت بورڈ کے دیگر اعلیٰ افسران، نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے ہونہار طلبہ و طالبات کو خصوصی طور پر گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
امتحان میں العامر فاؤنڈیشن سیکنڈری اسکول فار بوائز دولتالہ (گوجر خان) کے طالب علم محمد منان احتشام نے 1191 نمبر حاصل کر کے مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پریزنٹیشن کانونٹ ہائی اسکول فار گرلز پنڈی پوائنٹ (مری) کی طالبہ زونیرہ طاہر نے 1180 نمبروں کے ساتھ دوسری، جبکہ کیمرج انٹرنیشنل بوائز سیکنڈری اسکول (تلہ گنگ) کے طالب علم محمد فصیح عبداللہ نے 1178 نمبر لے کر بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔