تھائی لینڈ: سیمی فائنل میچ کے دوران فٹبالر پر آسمانی بجلی گر گئی، 24 سالہ کھلاڑی جان سے گیا

image

تھائی لینڈ میں فٹبال کے ایک سیمی فائنل میچ کے دوران پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک کھلاڑی جان کی بازی ہار گیا، جبکہ 12 دیگر افراد زخمی ہو گئے۔

واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میچ جاری تھا کہ اچانک آسمانی بجلی میدان میں گری اور ایک کھلاڑی اس کی زد میں آ گیا۔ بجلی لگنے سے 24 سالہ سوفوان اوائے موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ زخمی ہونے والوں میں ایک ملائیشین کھلاڑی بھی شامل ہے۔

یہ حادثہ 4 اگست کی شام تھائی لینڈ کے صوبہ ناراتھیوات کے علاقے سنگائی کولوک میں واقع سنتی پھاپ اسٹیڈیم میں گولوک ایف اے کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے دوران پیش آیا۔

مقامی پولیس کے مطابق میچ شدید بارش کے باوجود مقامی وقت کے مطابق شام تقریباً ساڑھے پانچ بجے جاری تھا، اسی دوران اچانک آسمانی بجلی گرنے سے میدان میں افراتفری مچ گئی۔

حکام کے مطابق مقابلہ ابو ایکس نونگ سیرن اور سام کولٹ کے درمیان کھیلا جا رہا تھا۔ سام کولٹ ایسی مشترکہ ٹیم ہے جس میں تھائی لینڈ اور ملائیشیا کے کھلاڑی شامل ہیں۔

واقعے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ حکام نے حادثے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US