برطانیہ کے علاقے ویلز میں 26 سالہ نوجوان کو اسپتال کی چھت پر گریم ریپر (موت کی علامتی شخصیت) کا بھیس بنا کر خوف و ہراس پھیلانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق واقعہ 6 جون کو ویلز کے شہر سینٹ آسف میں واقع گلان کلویڈ اسپتال میں پیش آیا جہاں سیاہ چغہ اور نقاب پہنے ایک شخص اسپتال کی چھت پر چڑھ گیا اور وہاں سے عملے اور آنے جانے والے افراد کو گھورتا رہا۔
عینی شاہدین کے مطابق اس شخص کے ہاتھ میں ایک لمبی دھار دار چیز بھی تھی جسے ابتدا میں چاقو یا تلوار سمجھا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی نارتھ ویلز پولیس اور فائر اینڈ ریسکیو سروس موقع پر پہنچ گئی اور تقریباً 50 منٹ کی کارروائی کے بعد صورتحال پر قابو پا لیا۔
پولیس نے ملزم کی شناخت لیون گلیسپی کے نام سے کی جو ڈیگانوے کا رہائشی ہے۔ اس کے خلاف قومی صحت کے ادارے (این ایچ ایس) کے احاطے میں بلاجواز ہنگامہ آرائی، عملے کو پریشان کرنے اور پولیس کے کہنے کے باوجود مقام نہ چھوڑنے کے الزامات عائد کیے گئے۔
عدالت میں لیون گلیسپی نے جرم کا اعتراف کر لیا جس کے بعد اسے 200 پاؤنڈ جرمانہ کیا گیا۔ عدالت نے اسے 50 پاؤنڈ ہرجانہ، 100 پاؤنڈ عدالتی اخراجات اور کراؤن پراسیکیوشن سروس کے لیے بھی 100 پاؤنڈ ادا کرنے کا حکم دیا۔
عدالتی کارروائی کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ ملزم نے اس سے قبل ایک پالتو جانوروں کی دکان سے بلیوں کی خوراک اور استعمال کی اشیا جبکہ ایک سپر مارکیٹ سے کھانے پینے کی اشیا بھی چوری کی تھیں، جن کا اس نے اعتراف کیا۔
بیٹسی کیڈوالادر یونیورسٹی ہیلتھ بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ اسپتال انتظامیہ اپنے تمام مراکز میں ہراسانی، جارحانہ رویے اور کسی بھی قسم کی بدنظمی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کرتی ہے۔
واضح رہے کہ گریم ریپر مغربی روایات میں موت کی علامتی شخصیت سمجھی جاتی ہے جسے عام طور پر سیاہ لباس اور چہرہ ڈھانپے ہوئے ایک ایسی ہستی کے طور پر دکھایا جاتا ہے جو مرنے والوں کی روحیں اپنے ساتھ لے جاتی ہے۔