لاہور بورڈ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے طالب علم نے میٹرک کے امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرکے نئی مثال قائم کر دی۔
اونکار سنگھ نے میٹرک کے سالانہ امتحان میں 1189 نمبر حاصل کرتے ہوئے سائنس گروپ (بوائز) میں دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔
اپنی کامیابی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے اونکار سنگھ نے کہا کہ ان کا خواب ڈاکٹر بن کر انسانیت کی خدمت کرنا ہے، اسی مقصد کے لیے وہ مستقبل میں میڈیکل کے شعبے میں تعلیم حاصل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام میں مزید اصلاحات کی ضرورت ہے تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ بے روزگاری کے خاتمے کے لیے حکومت نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرے۔
اونکار سنگھ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی اور تحفظ حاصل ہے۔ انہوں نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنی انتھک محنت، والدین کی دعاؤں اور اساتذہ کی بہترین رہنمائی کے سر باندھا۔