پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جہاں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے جولائی کے دوران 5,438 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کا نیا ریکارڈ قائم ہونے کا اعلان کیا ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق جولائی میں پانچ بین الاقوامی کمپنیوں نے بھی پاکستان میں اپنے دفاتر قائم کیے جبکہ ملائیشیا، متحدہ عرب امارات اور چین کی کمپنیوں نے ملک میں کاروبار کا آغاز کیا۔ رجسٹرڈ ہونے والی 112 کمپنیوں میں غیر ملکی ڈائریکٹرز بھی شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق رجسٹرڈ ہونے والی کمپنیوں میں 3,148 پرائیویٹ لمیٹڈ، 2,117 سنگل ممبر، 127 لمیٹڈ لائبیلٹی پارٹنرشپس، 28 غیر منافع بخش تنظیمیں اور 18 پبلک کمپنیاں شامل ہیں۔
ایس ای سی پی کے مطابق 51 فیصد کمپنیاں پنجاب میں رجسٹرڈ ہوئیں جہاں 2,756 نئی کمپنیاں قائم کی گئیں جبکہ اسلام آباد میں 1,053، سندھ میں 864، خیبر پختونخوا میں 450، گلگت بلتستان میں 180 اور بلوچستان میں 135 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔
شعبہ وار اعداد و شمار کے مطابق آئی ٹی سیکٹر سب سے آگے رہا جہاں 1,008 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں، جبکہ ٹریڈنگ، سروسز، کنسٹرکشن، فوڈ اینڈ بیوریجز، سیاحت، ای کامرس، ایجوکیشن، رئیل اسٹیٹ اور کارپوریٹ ایگری کلچر کے شعبوں میں بھی نمایاں تعداد میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی۔