پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی تعداد 6 لاکھ سے تجاوز کرگئی

image

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی تعداد ملکی تاریخ میں پہلی بار 6 لاکھ سے تجاوز کر گئی، جو سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور سرمایہ مارکیٹ میں تیزی سے بڑھتی ہوئی دلچسپی کا مظہر قرار دی جا رہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2026 کے اختتام پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈ سرمایہ کاروں کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 7 ہزار 25 تک پہنچ گئی۔ اسی ماہ 23 ہزار 973 نئے سرمایہ کاروں نے مارکیٹ میں شمولیت اختیار کی، جو تاریخ میں ایک ماہ کے دوران سرمایہ کاروں کے اضافے کی دوسری بلند ترین شرح ہے۔

رپورٹ کے مطابق جون 2022 سے جولائی 2026 تک تین لاکھ 32 ہزار سے زائد نئے سرمایہ کار مارکیٹ کا حصہ بنے، جس کے بعد سرمایہ کاروں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 75 ہزار سے بڑھ کر 6 لاکھ 7 ہزار سے تجاوز کر گئی، یعنی اس عرصے میں 121 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہر ماہ نئے سرمایہ کاروں کی شمولیت میں نمایاں تیزی آئی ہے۔ مالی سال 2023 اور 2024 کے دوران اوسطاً 2 ہزار 300 نئے سرمایہ کار ماہانہ شامل ہوئے، جبکہ مالی سال 2025 میں یہ اوسط بڑھ کر 5 ہزار 300 اور مالی سال 2026 میں 15 ہزار 860 ماہانہ تک پہنچ گئی، جو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ کی بلند ترین رفتار ہے۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ عرصے میں سرمایہ کاروں کی اس تیز رفتار شمولیت میں زیادہ تر نوجوان نسل (جنریشن زیڈ) اور پہلی بار سرمایہ کاری کرنے والے ریٹیل سرمایہ کار شامل ہیں، جو پاکستان کی سرمایہ مارکیٹ پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کی تعداد میں یہ اضافہ محض ایک ریکارڈ نہیں بلکہ سرمایہ کاری کے رجحانات میں ایک بنیادی تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے، جہاں زیادہ پاکستانی اپنی بچت کو سرمایہ کاری میں منتقل کرتے ہوئے ملکی معیشت کی ترقی میں عملی کردار ادا کر رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US