حکومت نے عوام کو سستائی کا تحفہ دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن نے 7 اگست کے لیے نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن اور اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 19 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 329 روپے 82 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 1 روپیہ 50 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس سے ڈیزل کی نئی قیمت 382 روپے 36 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔ علاوہ ازیں، مٹی کا تیل بھی 2 روپے 36 پیسے فی لیٹر سستا کر دیا گیا ہے اور اس کی نئی قیمت 291 روپے 45 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
اوگرا کے اعداد و شمار کے مطابق ڈیزل پر لیوی میں 1 روپیہ 21 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل پر لیوی کی نئی شرح 73 روپے 47 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، جبکہ پیٹرول پر لیوی کی شرح 80 روپے فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت نے گزشتہ روز پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 45 پیسے کا اضافہ کیا تھا، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کی کمی کی گئی تھی۔