امریکی ملبوساتی کمپنی ہرکلیون نے وی 5.0 ہیرک شرٹ کے نام سے ایک نئی ٹی شرٹ متعارف کرائی ہے، جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسے روزانہ استعمال کے باوجود 30 دن تک بغیر دھوئے پہنا جا سکتا ہے اور اس میں بدبو پیدا نہیں ہوتی۔
کمپنی کے مطابق ٹی شرٹ کو خاص ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کیا گیا ہے، جس میں تانبا، چاندی، زنک، سونا، آتش فشانی راکھ اور دو خفیہ اجزا کو کپڑے کے ریشوں میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ اجزا بدبو پیدا کرنے والے بیکٹیریا کو روکنے، پسینے کے اثرات کم کرنے اور نمی جذب کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
ہرکلیون کا کہنا ہے کہ کم دھلائی کی وجہ سے ٹی شرٹ کی عمر بھی عام ملبوسات کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے۔ اس کی قیمت 79 امریکی ڈالر رکھی گئی ہے، جبکہ اس کی فروخت اور شپمنٹ نومبر کے آغاز میں سیاہ رنگ سے شروع ہوگی۔ بعد میں اسے نیوی بلیو، برگنڈی اور گہرے سبز رنگ میں بھی پیش کیا جائے گا۔