فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کی نجکاری کے سلسلے میں سرکاری بجلی کمپنی کو خریدنے کے لیے 12 ملکی و غیر ملکی کمپنیوں اور گروپس کی جانب سے خطوط موصول ہوگئے ہیں۔ فیسکو کو خریدنے کیلیے پاکستان کے بڑے صنعتی گروپس سمیت کے الیکٹرک بھی خواہشمندوں میں شامل ہے۔
فیسکو کے لیے ترکیہ کی 3 اور چین کی 1 عالمی کمپنی سمیت پاکستان کے 8 گروپس نے اپنی پیشکشیں جمع کروائی ہیں، جن میں انفرادی کمپنیوں کے ساتھ ساتھ مختلف کنسورشیم بھی حصہ لیں گے۔
نجکاری کمیشن کے چیئرمین اور وزیرِ مملکت محمد علی کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کا عمل کامیابی سے جاری ہے اور آج فیسکو کی نجکاری کے لیے اظہارِ دلچسپی (EOI) جمع کرانے کی آخری تاریخ تھی۔ انہوں نے بتایا کہ نجکاری کے اس مرحلے پر سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور ردعمل ملا ہے۔
وزیرِ مملکت نے مزید بتایا کہ اظہارِ دلچسپی جمع کرانے والی کمپنیاں اب فیسکو کے اثاثوں اور مالیاتی امور کی جانچ پڑتال (ڈیوجلیجنس) کریں گی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ڈسکوز کی نجکاری کے بنیادی مقاصد میں بجلی کی قیمتوں کو نیچے لانا، بجلی کی فراہمی کے نظام کو جدید بنانا اور مارکیٹ میں مسابقت پیدا کرنا شامل ہے۔