جاپانی پولیس نے ایک 32 سالہ خاتون کو مشہور آن لائن اسٹور پر بڑی تعداد میں جعلی آرڈرز دینے اور انہیں بار بار منسوخ کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
جاپانی میڈیا کے مطابق مایو یوشیڈا نے جعلی ناموں اور تقریباً 230 فرضی اکاؤنٹس کے ذریعے معروف اینیمے کمپنی ’شوئیشا‘ کے آن لائن اسٹور پر 2 ہزار سے زائد آرڈرز کیے۔
خاتون نے ’ناروٹو‘ اور ’ون پیس‘ سمیت مشہور اینیمے مصنوعات کے تقریباً 4.3 ارب ین مالیت کے آرڈرز دیے۔ وہ ہر آرڈر میں کیش آن ڈیلیوری کا انتخاب کرتی اور سامان پہنچنے پر وصول کرنے یا رقم ادا کرنے سے انکار کردیتی، جبکہ بعض آرڈرز ڈیلیوری سے قبل ہی منسوخ کردیتی تھی۔
اس عمل کے باعث کمپنی کو ڈیلیوری اور کورئیر اخراجات کی مد میں تقریباً 47 ہزار 500 ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔