شادی کی خوشیاں اس وقت ماتم میں بدل گئیں جب بارات روانگی سے چند گھنٹے قبل نوجوان دولہا ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگیا۔
اوکاڑہ میں محمد اویس موٹرسائیکل پر سوار ہو کر جارہا تھا کہ اچانک سڑک پر آنے والی گائے سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔
محمد اویس کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔
نوجوان کی ہلاکت کی اطلاع گھر پہنچتے ہی شادی کی تیاریوں میں مصروف خاندان پر قیامت ٹوٹ پڑی اور خوشیوں بھرا گھر ماتم کدے میں تبدیل ہوگیا۔
جاں بحق ہونے والا محمد اویس علاقے میں معروف نعت خواں کے طور پر بھی پہچانا جاتا تھا۔ اہل علاقہ نے نوجوان کی اچانک موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔