بچے نے سیٹ بیلٹ باندھنے سے انکار کیا، پرواز منسوخ، تمام مسافروں کو رات ایئرپورٹ پر گزارنا پڑی

image

کینیڈا کے شہر وکٹوریہ سے ٹورنٹو جانے والی پورٹر ایئر لائنز کی پرواز ایک کمسن بچے کی جانب سے سیٹ پر بیٹھنے اور سیٹ بیلٹ باندھنے سے انکار کے باعث منسوخ کردی گئی، جس کے نتیجے میں طیارے میں موجود دیگر مسافروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پورٹر ایئر لائنز کی پرواز پی ڈی 444 ٹیک آف کے لیے تیار تھی کہ عملے نے ایک بچے کو اپنی نشست پر کھڑا دیکھا۔ فلائٹ اٹینڈنٹس اور بچے کے والدین نے اسے سیٹ پر بیٹھنے اور حفاظتی بیلٹ باندھنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی، تاہم بچہ مزاحمت کرتا رہا۔

ایئر لائن کے ترجمان کے مطابق بچے کے غیر محفوظ انداز میں نشست پر کھڑے رہنے اور سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کی صورت میں طیارے کو روانہ نہیں کیا جاسکتا تھا، اس لیے عملے نے طیارہ دوبارہ ٹرمینل پر واپس لانے کا فیصلہ کیا۔

طیارے کے گیٹ پر پہنچنے کے بعد متعلقہ خاندان کو جہاز سے اتارا گیا جبکہ ان کا چیک شدہ سامان بھی نکال لیا گیا۔ دوبارہ پرواز کے لیے عملے کو نئے فلائٹ پلان اور ضروری حفاظتی دستاویزات بھی مکمل کرنا پڑیں، جس میں کافی وقت صرف ہوگیا۔

انتظامی کارروائی مکمل ہوتے ہوتے رات ساڑھے 12 بجے سے تجاوز کرگئی، جبکہ وکٹوریہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا مرکزی رن وے روزانہ رات ساڑھے 12 بجے بند کردیا جاتا ہے۔ رن وے بند ہونے کے باعث پرواز دوبارہ روانہ نہ ہوسکی اور تمام مسافروں کو وکٹوریہ میں ہی رات گزارنا پڑی۔

پورٹر ایئر لائنز نے مسافروں کو پیش آنے والی زحمت پر معذرت کرتے ہوئے انہیں اگلے روز متبادل پرواز کے ذریعے ٹورنٹو روانہ کرنے کے انتظامات کیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US