متحدہ عرب امارات کی بڑی تیل کمپنی ابوظبی نیشنل آئل کمپنی (اڈنوک) نے خام تیل کی برآمدات میں اضافے کے پیش نظر اپنے آئل ٹینکرز کے بیڑے میں نمایاں توسیع کردی۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ادنوک کے شپنگ یونٹ نے تقریباً 1.3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرکے نئے آئل ٹینکرز خریدے ہیں، جس کے بعد بڑے خام تیل بردار جہازوں کی تعداد 8 سے بڑھ کر 14 ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ویری لارج کروڈ کیریئرز (وی ایل سی سی) ایک سفر میں تقریباً 20 لاکھ بیرل خام تیل منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ کمپنی نے مختلف ایندھن، جن میں پروپین بھی شامل ہے، کی ترسیل کے لیے مزید 5 بحری جہاز بھی اپنے بیڑے میں شامل کیے ہیں۔
اڈنوک کی جانب سے ٹینکرز کی خریداری ایسے وقت میں کی گئی ہے جب متحدہ عرب امارات تیل کی پیداوار اور برآمدات میں اضافے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات بڑی مقدار میں خام تیل آبنائے ہرمز کے ذریعے عالمی منڈیوں تک پہنچاتا ہے، اس لیے ٹینکرز کے بیڑے میں توسیع کو تیل کی ترسیل کی صلاحیت بڑھانے کے لیے اہم قرار دیا جارہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اڈنوک کی جانب سے بحری بیڑے میں بڑے پیمانے پر اضافہ عالمی تیل مارکیٹ میں متحدہ عرب امارات کی پوزیشن مضبوط بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ پیداوار اور برآمدات میں اضافے کے ساتھ ٹینکرز کی تعداد بڑھانے سے اڈنوک کو تیل کی ترسیل پر زیادہ کنٹرول اور عالمی خریداروں تک خام تیل پہنچانے کی اضافی صلاحیت حاصل ہوگی۔