پی ٹی اے نے موبائل پیکجز کے موازنے کے لیے نئی سہولت متعارف کرا دی

image

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر کے موبائل صارفین کے لیے نئی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے ذریعے مختلف موبائل کمپنیوں کے کال، ایس ایم ایس اور انٹرنیٹ پیکجز کا ایک ہی پلیٹ فارم پر تقابلی جائزہ لیا جاسکے گا۔

پی ٹی اے کے مطابق نئی سہولت اتھارٹی کی ویب سائٹ کے کنزیومر اویئرنس سیکشن میں دستیاب ہوگی، جہاں صارفین جاز، زونگ، یوفون، ٹیلی نار سمیت مختلف موبائل آپریٹرز کے پیکجز کی قیمت، انٹرنیٹ ڈیٹا، کال منٹس اور ایس ایم ایس سمیت دیگر سہولیات کا موازنہ کرسکیں گے۔

نئے پلیٹ فارم کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ صارفین موجودہ قیمتوں کے ساتھ پیکجز کی سابقہ قیمتوں اور وقت کے ساتھ ہونے والی تبدیلیوں کا بھی جائزہ لے سکیں گے۔ اس طرح کسی مخصوص پیکج کی قیمت میں گزشتہ مہینوں یا برسوں کے دوران ہونے والے اضافے یا کمی کا اندازہ لگایا جاسکے گا۔

پی ٹی اے کے مطابق سہولت سے صارفین کو مختلف موبائل آپریٹرز کے پیکجز میں قیمتوں اور سہولیات کے فرق کو سمجھنے میں مدد ملے گی اور وہ اپنی ضروریات اور بجٹ کے مطابق بہتر پیکج کا انتخاب کرسکیں گے۔

زیادہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین مختلف ڈیٹا پیکجز کا تقابلی جائزہ لے سکیں گے، جبکہ کال اور ایس ایم ایس زیادہ استعمال کرنے والے افراد بھی اپنی ضرورت کے مطابق موزوں پیکج منتخب کرسکیں گے۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ نئی سہولت متعارف کرانے کا مقصد ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا اور صارفین کو موبائل پیکجز کی قیمتوں اور سہولیات میں ہونے والی تبدیلیوں سے بروقت آگاہ رکھنا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US