بھارتی ریاست گجرات کے ضلع موربی کے گاؤں وِرپاردا میں ایک 18 فٹ گہرے کنویں میں پانی کی پراسرار اور خودبخود حرکت نے مقامی لوگوں کو حیرت اور تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔
کھیتوں میں واقع اس کنویں میں کچھ روز قبل اچانک عجیب و غریب تحرک دیکھا گیا، جو کچھ دیر رکنے کے بعد دوبارہ شروع ہو گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آس پاس کے دیگر تمام کنوؤں کا پانی بالکل ساکت ہے، جس کی وجہ سے یہ واقعہ علاقے میں توجہ کا مرکز بن گیا ہے اور اس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔
مقامی آبادی میں اس غیر معمولی عمل کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں اور کچھ لوگ اسے خطے میں زلزلے کے امکانات سے جوڑ رہے ہیں کیونکہ یہ علاقہ زلزلے کے لحاظ سے حساس سمجھا جاتا ہے۔
تاہم موربی کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سوپنل کھارے کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر زلزلے سے متعلق کسی بھی سرگرمی کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ انہوں نے بتایا کہ گیس کے ممکنہ اخراج کے خدشے پر تحقیقاتی ٹیم تعینات کردی گئی ہے اور پانی کے نمونوں کا سائنسی جائزہ لیے بغیر محض ویڈیوز کی بنیاد پر کسی بھی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔