امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی لاس ویگاس کے ریڈ راک کیسینو ریزورٹ میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کے دوران ان کے نئے ہیئر اسٹائل نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
تقریب کے دوران لی گئی تصاویر میں ان کے بال معمول سے زیادہ گھنے اور بھرے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، جو انٹرنیٹ پر سامنے آتے ہی وائرل ہو گئیں اور صارفین کی خاص توجہ کا مرکز بن گئیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جہاں صارفین نے ان کے اس انداز پر مختلف میمز شیئر کیے، وہیں ان کے بالوں سے متعلق ماضی کی قیاس آرائیاں بھی دوبارہ شروع ہو گئی ہیں۔ کچھ صارفین نے حلیے میں تبدیلی پر بات کی جبکہ بعض نے 'اسکیلپ ریڈکشن سرجری' جیسے مبینہ کاسمیٹک طریقہ کار کا ذکر دوبارہ چھیڑ دیا، جن کی افواہیں پہلی بار 1990ء میں ان کی سابقہ اہلیہ ایوانا ٹرمپ کے ساتھ طلاق کے معاملات کے دوران سامنے آئی تھیں۔
اگرچہ ان دعوؤں کی اب تک کوئی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے اور ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھی اس پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا، لیکن ان کا یہ نیا انداز انٹرنیٹ پر مسلسل موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔