نجکاری، ایس او ایز کی تنظیم نو اور ٹیکس اصلاحات، حکومت اور پی بی سی میں اہم مشاورت

image

وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد سے پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی) کے چیئرمین زیاڈ بشیر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جاوید قریشی نے ملاقات کی، جس میں سرمایہ کاری کے فروغ، نجکاری پروگرام، سرکاری اداروں کی تنظیم نو اور معاشی اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات میں حکومت کے جاری نجکاری پروگرام اور کمرشل سرگرمیوں میں حکومتی کردار محدود کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز)، بینکوں اور ایئرپورٹس کی ممکنہ نجکاری پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ نجی شعبے کی شمولیت سے کارکردگی، سروس ڈیلیوری اور سرمایہ کاری بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔

ملاقات میں بڑے سرکاری اداروں کو ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کے ذریعے کیپٹل مارکیٹس میں لانے کے امکانات بھی زیر بحث آئے، جن میں اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن بھی شامل ہے۔ شرکا نے اس امر پر اتفاق کیا کہ نجی اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی زیادہ شمولیت سے کارپوریٹ گورننس، شفافیت اور آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

پاکستان بزنس کونسل کی قیادت نے حکومت کے رائٹ سائزنگ ایجنڈے کی حمایت کرتے ہوئے نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے کے لیے نجکاری، سرکاری اداروں کی تنظیم نو اور رائٹ سائزنگ سے متعلق اپنی سفارشات حکومت کو فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں ٹیکس نظام کو مزید مؤثر اور کاروبار دوست بنانے اور درمیانی مدت کے ٹیکس پالیسی فریم ورک کی تیاری پر بھی بات چیت ہوئی۔ شرکا نے ایسے ٹیکس نظام کی ضرورت پر زور دیا جو شفاف، قابلِ پیش گوئی اور مسابقتی ہو تاکہ سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور طویل مدتی معاشی ترقی کو فروغ دیا جاسکے۔

پی بی سی قیادت نے مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ میں کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے ٹیکسوں کا بوجھ بڑھانے کے بجائے ٹیکس بیس اور معاشی سرگرمیوں کو وسعت دینے کی پالیسی کی حمایت کی۔

پی بی سی نے برآمد کنندگان اور نجی شعبے کے لیے مراعات، کاروباری لاگت میں کمی، مسابقت بڑھانے اور سرمایہ کاری و کاروباری توسیع کی حوصلہ افزائی کے اقدامات کو بھی خوش آئند قرار دیا۔

وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے پاکستان بزنس کونسل کی تجاویز اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشی پالیسیوں اور اصلاحات کی تشکیل میں کاروباری برادری سے مسلسل مشاورت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور کاروباری شعبے کے درمیان مؤثر رابطہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے، کاروباری ماحول بہتر بنانے اور قابلِ عمل اصلاحات کے لیے اہم ہے۔

ملاقات میں حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان مسلسل رابطے کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ سرمایہ کاری، مسابقت اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے مؤثر پالیسیوں کو آگے بڑھایا جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US