ایس ای سی پی گیسٹ لیکچر سیریز کا چوتھا سیشن: سرمایہ کاروں کی تعداد 25 لاکھ تک لے جانے کا ہدف

image

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام گیسٹ لیکچر سیریز کے چوتھے سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیئرمین ایس ای سی پی، کمشنرز، صنعت سے وابستہ اہم شخصیات سمیت سروس لانگ مارچ ٹائرز، ستارہ پیٹرولیم اور سلیکٹ ٹیکنالوجیز کے سربراہان نے شرکت کی۔

سیشن سے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے کمشنر ایس ای سی پی مظفر احمد مرزا نے کہا کہ پاکستان کی 26 کروڑ آبادی اور نوجوان ملک کے لیے وسیع کاروباری، صارف اور سرمایہ کاری کی صلاحیت رکھتے ہیں، تاہم کیپیٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد اب بھی آبادی کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایس ای سی پی کا ہدف پاکستان میں سرمایہ کاروں کی تعداد 25 لاکھ تک بڑھانا ہے اور اس مقصد کے لیے بالخصوص نوجوانوں اور نئے سرمایہ کاروں کے لیے ڈیجیٹل آن بورڈنگ اور موبائل کے ذریعے سرمایہ کاری تک رسائی کو آسان بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جنوری سے جون 2026 کے دوران ایس ای سی پی نے 10 آئی پی اوز کی منظوری دی جن کے ذریعے 20 ارب روپے سے زائد کا سرمایہ حاصل کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سروس لانگ مارچ ٹائرز کے سی ای او عمر سعید نے بتایا کہ 22.56 ارب روپے کے مسافر گاڑیوں کے ریڈیل ٹائر منصوبے کے لیے فنڈنگ مکس میں 24.6 فیصد آئی پی او پروسیڈز شامل ہیں۔ آئی پی او سے حاصل ہونے والی رقم کا 100 فیصد پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جس میں سے 66 فیصد پلانٹ و مشینری جبکہ 34 فیصد عمارت اور تعمیرات کے لیے مختص ہے۔

سٹارا پیٹرولیم سروس لمیٹڈ کے سی ای او ظہیر بیگ نے کہا کہ لسٹنگ سے کاروبار کو ترقی کے لیے سرمایہ، بہتر ویلیوایشن، ساکھ میں اضافہ، مستقبل میں توسیع اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں تک رسائی کے مواقع حاصل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی و کاروباری اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنے سے ادارہ جاتی اسکیل، مضبوط گورننس اور سرمایہ کاروں کے لیے ترقی کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

سلیکٹ ٹیکنالوجیز کے سی ای او عدنان آفتاب نے بتایا کہ آئی پی او کے ذریعے 3.02 ارب روپے حاصل کیے گئے، جنہیں اسمارٹ فونز، ایئر کنڈیشنرز اور اسمارٹ ٹی وی کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے لسٹنگ کے عمل کے دوران ایس ای سی پی کی رہنمائی اور معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے آئی پی او کی بروقت اور مؤثر تکمیل میں اہم کردار ادا ہوا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US