کراچی چیمبر کی ثالثی سے سندھ حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت ہوگئی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے گڈز ٹرانسپورٹرز کے وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، دونوں فریقین نے ایک دوسرے سے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ٹرانسپورٹرز سے کہا کہ پرسوں وزیر اعلیٰ ہاؤس آجائیں۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کل مرتضیٰ وہاب، ضیا لنجار اور شرجیل میمن گڈز ٹرانسپورٹرز سے ملاقات کریں۔ ذرائع کے مطابق نماز جمعہ کے بعد صوبائی وزرا اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات ہوں گے، جبکہ ہفتے کو وزیراعلیٰ سندھ سے حتمی مذاکرات طے پا گئے ہیں۔
گڈز ٹرانسپورٹرز نے کہا کہ وزیراعلیٰ سے ملاقات سے قبل وزیر داخلہ اور میئر کراچی سے ملاقات میں معاملات طے کرلیے جائیں گے۔ ٹرانسپورٹرز کے مطابق وفاقی اور پنجاب حکومت بھی مکمل تعاون کر رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق ملاقات تاجر رہنما زبیر موتی والا کی کوششوں سے ہوئی۔