پنجاب کے تعلیمی بورڈز میں امتحانی پرچوں کی مارکنگ کا نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

image

پنجاب کے تعلیمی بورڈز نے امتحانی پرچوں کی جانچ اور مارکنگ کا طریقہ کار تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ نئے نظام کے تحت مجموعی اندازے کے بجائے ہر سوال کے نمبروں کے لیے واضح اور مقررہ معیار وضع کیا جائے گا۔

بورڈ حکام کے مطابق امتحانات میں روبریکس مارکنگ کا نظام متعارف کرایا جائے گا، جس کے ذریعے ہر سوال کے جواب کو طے شدہ معیار کے مطابق جانچا جائے گا۔ اس طریقہ کار سے طلبہ کو سوال کے مختلف حصوں کے مقررہ معیار پر پورا اترنے کی صورت میں مناسب نمبر مل سکیں گے۔

نئے مارکنگ سسٹم کا اطلاق لاہور سمیت پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز میں کیا جائے گا، جبکہ اس پر عملدرآمد دوسرے سالانہ امتحانات سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق سوالیہ پرچوں کی تیاری اور جوابی کاپیوں کی جانچ کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے پیپر مارکرز سے بھی رائے اور تجاویز حاصل کی جائیں گی۔ پیپر مارکرز سوالات اور مارکنگ کے طریقہ کار سے متعلق اپنی رپورٹس متعلقہ تعلیمی بورڈز کو جمع کرائیں گے۔

بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ نئے نظام کا بنیادی مقصد امتحانی عمل میں شفافیت اور مارکنگ میں یکسانیت پیدا کرنا ہے۔ اس کے علاوہ نتائج کی ساکھ بہتر بنانا اور پنجاب کے تعلیمی بورڈز کے امتحانی نتائج کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنا بھی اصلاحات کے اہم مقاصد میں شامل ہے۔

نئے طریقہ کار کے تحت ہر سوال کے لیے نمبروں کی تقسیم اور جانچ کا واضح معیار موجود ہوگا، جس سے طلبہ کی جوابی کاپیوں کی جانچ میں غیر ضروری فرق کم کرنے اور مجموعی طور پر مارکنگ کا معیار بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔


Click here for Online Academic Results

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US