بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی نے بارہویں جماعت کے پری انجینئرنگ گروپ کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج جاری کر دیے۔
پری انجینئرنگ گروپ میں پہلی پوزیشن تین امیدواروں نے مشترکہ طور پر حاصل کی۔ آدمجی گورنمنٹ سائنس کالج کے محمد سعد عادل، عبداللہ جمال اور بحریہ کالج کارساز کی عائشہ راشد نے 1100 میں سے 1006، 1006 نمبر حاصل کرکے اے ون گریڈ کے ساتھ مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
آدمجی گورنمنٹ سائنس کالج کے محمد احمد رضا نے 1005 نمبر حاصل کرکے دوسری پوزیشن اپنے نام کی، جبکہ تیسری پوزیشن بھی مشترکہ طور پر حاصل کی گئی۔ دہلی گورنمنٹ کالج کے حافظ عبدالرافع طارق اور آدمجی گورنمنٹ سائنس کالج کے انس جاوید نے 1004، 1004 نمبر حاصل کیے۔
نتائج کے مطابق آدمجی گورنمنٹ سائنس کالج کے چار طلبہ نے پہلی تین پوزیشنز میں جگہ بنا کر نمایاں کامیابی حاصل کی۔
پری انجینئرنگ گروپ کے امتحانات کے لیے مجموعی طور پر 18 ہزار 464 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی تھی، جن میں سے 18 ہزار 14 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے۔ امتحانات میں 9 ہزار 922 امیدوار کامیاب قرار پائے، یوں کامیابی کا مجموعی تناسب 55.08 فیصد رہا۔
چیئرمین انٹربورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے پوزیشن ہولڈرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری کالجوں کے طلبہ کی نمایاں کامیابیاں مضبوط تعلیمی نظام اور محنت کا ثبوت ہیں۔
انٹربورڈ کراچی کے مطابق پری انجینئرنگ گروپ کے نتائج بورڈ کی ویب سائٹ اور آفیشل اینڈرائیڈ ایپ پر جاری کردیے گئے ہیں۔