"میرا باجی بہت اچھی ہیں، وہ میرے ساتھ اچھا سلوک کرتی ہیں اور میں اب بھی انہی کے گھر کام کر رہی ہوں۔ میری جو سابقہ ویڈیو سامنے آئی تھی، وہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کی گئی تھی۔"
معروف پاکستانی اداکارہ میرا اور ان کی گھریلو ملازمہ یاسمین کے درمیان مبینہ تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس کے بعد معاملہ مزید توجہ حاصل کرگیا۔
وائرل ویڈیو میں میرا کو ملازمہ سے گفتگو کرتے دیکھا جاسکتا ہے، تاہم کچھ ہی دیر بعد دونوں کے درمیان صورتحال کشیدہ ہوجاتی ہے اور مبینہ طور پر ہاتھا پائی شروع ہوجاتی ہے۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد یاسمین کا ایک بیان بھی سامنے آیا، جس میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ اداکارہ نے انہیں متعدد مرتبہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ ملازمہ کے مطابق اس دوران ان کے چہرے اور جسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں بھی آئیں۔ انہوں نے میرا کے رویے اور ذہنی حالت سے متعلق بھی سوالات اٹھائے۔
تاہم معاملے نے اس وقت نیا رخ اختیار کیا جب یاسمین کا ایک اور ویڈیو بیان سامنے آگیا۔ اس مرتبہ انہوں نے اپنے پہلے مؤقف سے مختلف بات کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ ویڈیو مصنوعی ذہانت کے ذریعے بنائی گئی تھی۔ انہوں نے میرا کے بارے میں کہا کہ وہ بہت اچھی ہیں اور وہ اب بھی ان کے گھر کام کر رہی ہیں۔
ملازمہ کے دونوں بیانات میں واضح تضاد نے واقعے سے متعلق کئی سوالات پیدا کردیے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر صارفین بھی اس معاملے کی حقیقت جاننے کے لیے مختلف قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔
میرا اس سے قبل بھی مختلف تنازعات اور ویڈیوز کے باعث خبروں میں رہ چکی ہیں۔ چند برس پہلے ایک ٹی وی چینل پر میک اپ آرٹسٹ کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور تشدد کے معاملے میں بھی ان کا نام سامنے آیا تھا۔ تاہم موجودہ واقعے سے متعلق حتمی حقیقت یاسمین کے متضاد بیانات اور دستیاب شواہد کی مزید جانچ کے بعد ہی واضح ہوسکے گی۔