پاکستانی ماڈل اور اداکارہ عروبہ مرزا نے سابق منگیتر کی بے وفائی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح شادی سے کچھ عرصہ قبل انہیں ایک ایسے واقعے کا علم ہوا جس نے ان کی زندگی بدل دی۔ گفتگو کے دوران ماضی کی تکلیف دہ یادیں تازہ ہونے پر اداکارہ جذباتی ہوگئیں اور رو پڑیں۔
عروبہ مرزا نے کہا، "مجھے زندگی میں کئی بار دھوکا ملا ہے۔ بے وفائی دوستوں کی طرف سے بھی ہوسکتی ہے اور شریکِ حیات کی طرف سے بھی۔ شاید میں بدقسمت ہوں کہ مجھے دونوں طرف سے یہ تجربہ ہوا۔ بے وفا لوگ آپ کو چھوڑنے کے لیے بس بہانے ڈھونڈتے ہیں اور میرے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا۔ وہ شخص مجھے چھوڑ کر چلا گیا۔ میں اس سے محبت کرتی تھی اور آخری وقت تک اس رشتے کو نبھانے کی کوشش کرتی رہی، لیکن مجھے اس کی بے وفائی کا اس وقت پتا چلا جب اس نے کسی اور سے شادی کرلی، جبکہ مجھے اس بارے میں کچھ معلوم ہی نہیں تھا۔"
انہوں نے مزید بتایا، "یہ سات سال پرانا رشتہ تھا اور ہم نے شادی کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا تھا۔ ہمارے رشتے کے بارے میں سب جانتے تھے۔ اس نے مجھے کہا کہ وہ خاندانی تقریبات میں شرکت کے لیے اسلام آباد جا رہا ہے۔ میں اس وقت ایک شوٹ پر تھی کہ میری دوست نے فون کرکے کچھ تصاویر دیکھنے کو کہا۔ جب میں نے تصاویر دیکھیں تو وہ اس کے نکاح کی تھیں۔ میں سیٹ پر ہی زور زور سے رونے لگی۔ سب لوگ پریشان ہوگئے اور پوچھنے لگے کہ کیا ہوا ہے، لیکن میں نے بہانہ کیا کہ میری دادی کا انتقال ہوگیا ہے۔ حالانکہ سب جانتے ہیں کہ دادی کے انتقال پر بھی کوئی اس طرح نہیں روتا۔ جو لوگ مجھ سے وجہ پوچھ رہے تھے، میں انہیں کچھ بتا بھی نہیں سکتی تھی کیونکہ میرے پاس کہنے کو کچھ نہیں تھا۔"
عروبہ مرزا نے کہا کہ دھوکا ملنے کے باوجود زندگی رک نہیں جاتی۔ ان کے مطابق وقت اور اچھے دوست انسان کو ایسے مشکل حالات سے نکلنے میں مدد دیتے ہیں اور وہ بھی اب اپنی زندگی آگے بڑھا رہی ہیں۔
عروبہ مرزا نے اگست 2024 میں مداحوں کو بتایا تھا کہ انہوں نے اور ان کے منگیتر نے ذاتی وجوہات کی بنا پر منگنی ختم کردی ہے، تاہم انہوں نے ان وجوہات کو عوامی طور پر بیان نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ عروبہ مرزا رئیلٹی شو تماثا کے دوسرے سیزن کی فاتح بھی رہ چکی ہیں اور ان کی ایک 15 سالہ بیٹی ہے جس کی وہ بطور سنگل مدر پرورش کررہی ہیں۔