وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے اسلامی چیمبر آف کامرس اینڈ ڈویلپمنٹ (آئی سی سی ڈی) کے سیکریٹری جنرل شیخ یوسف حسن خلوی نے ملاقات کی، جس میں اقتصادی تعاون، حلال مارکیٹس، اسلامی فنانس اور نجی شعبے کے درمیان تعاون کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں البرکہ بینک پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عاطف حنیف اور آئی سی سی ڈی کی ڈائریکٹر انٹرنیشنل ریلیشنز عالیہ جعفر بھی موجود تھیں۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے شرکا کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کی کاروباری برادری اور عالمی کاروباری نیٹ ورکس کے درمیان روابط مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی چیمبر کے عالمی روابط اور پلیٹ فارمز کے ذریعے پاکستان کے لیے کاروباری تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
آئی سی سی ڈی کے سیکریٹری جنرل شیخ یوسف حسن خلوی نے اسلامی چیمبر کے بین الاقوامی دائرہ کار اور مختلف ممالک کی کاروباری برادریوں کے ساتھ روابط سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ چیمبر مسلم کاروباری برادریوں کو نجی شعبے اور ادارہ جاتی شراکت داروں سے جوڑنے اور عالمی سطح پر حلال اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے۔
ملاقات میں عالمی حلال معیشت کے بڑھتے ہوئے حجم اور پاکستان کی جانب سے حلال خوراک، فیشن، حلال سیاحت، خدمات اور دیگر صارف مارکیٹس میں اپنی موجودگی مضبوط بنانے کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر خزانہ نے زور دیا کہ حلال معیشت کے وسیع تصور سے آگے بڑھتے ہوئے مخصوص مصنوعات، شعبوں اور مارکیٹس کی نشاندہی کی جائے جہاں پاکستانی کاروبار عالمی سطح پر اپنی برآمدات اور مسابقتی صلاحیت میں اضافہ کرسکیں۔
فریقین نے پاکستان میں اسلامی مالیاتی نظام کو مزید مضبوط بنانے اور اسلامی اقتصادیات و فنانس کے شعبے میں کام کرنے والے عالمی پلیٹ فارمز کے ساتھ تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر پاکستانی کاروباروں کے لیے تجارتی بنیادوں پر قابلِ عمل مواقع پیدا کرنے اور عالمی مارکیٹس تک رسائی بہتر بنانے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔
شیخ یوسف حسن خلوی نے حلال کاروبار، پائیدار سیاحت اور اسلامی اقتصادی تعاون کے حوالے سے مختلف ممالک کے تجربات بھی شیئر کیے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ کی طلب کو سمجھتے ہوئے شعبہ وار مواقع کی نشاندہی اور کاروباری اداروں کو قابلِ عمل مصنوعات و خدمات تیار کرنے میں معاونت ضروری ہے۔
ملاقات میں بین الاقوامی کانفرنسوں، بزنس فورمز اور دیگر پلیٹ فارمز کے ذریعے پاکستانی کاروباری اداروں اور عالمی کاروباری برادری کے درمیان روابط بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے اسلامی چیمبر کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تعاون کو سراہتے ہوئے کاروباری برادری کے ساتھ مسلسل رابطے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کاروباری اداروں کو عالمی کاروباری نیٹ ورکس سے جوڑ کر عملی اور مؤثر اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔