ہفتہ وار بنیادوں پر 23 اشیاء مہنگی اور 10 سستی ہو گئیں، ادارہ شماریات کی رپورٹ

image

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل اور دیگر عوامل کے باعث ملک میں گزشتہ ہفتے کے دوران 23 ضروری اشیائے خورونوش اور دیگر سامان کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے، جس سے ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.49 فیصد کا مزید اضافہ دیکھنے میں آیا جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح 9.66 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 3.77 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے اثرات دیگر بنیادی اشیاء کی قیمتوں پر بھی پڑے۔ اس عرصے کے دوران پیاز کی قیمت میں 14.17 فیصد، چکن کی قیمت میں 3.35 فیصد اور انڈوں کے علاوہ دال چنا، لہسن اور چائے کی پتیاں سمیت متعدد اشیاء کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جائزہ لیے گئے ہفتے کے دوران کل 23 اشیاء مہنگی ہوئیں جبکہ 18 اشیاء کی قیمتوں میں ثبات اور استحکام رہا۔

دوسری جانب اسی ہفتے کے دوران 10 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 5.15 فیصد کمی ہوئی، جبکہ انڈے 5.78 فیصد اور ٹماٹر 4.99 فیصد سستے ہوئے۔ اس کے علاوہ آلو کی قیمت میں 1.17 فیصد کمی کے ساتھ ساتھ چینی، ایل پی جی اور کیلے کی قیمتوں میں بھی تنزلی دیکھنے میں آئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US