بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں ایک باغ میں ہونے والے شدید دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق تمام متاثرہ افراد باغات میں کام کرنے والے مزدور ہیں، جنہیں فوری طور پر لاشوں اور زخمیوں کی حالت میں مستونگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دراز علاقوں تک سنی گئی۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا تاکہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جاسکے۔
اسی دوران کھڈکوچہ کے ہی علاقے میں پیش آنے والے ایک دوسرے واقعے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے دو افراد کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس نے ان لاشوں کو بھی اسپتال منتقل کرتے ہوئے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔