بیوی کے قتل کا ملزم اور برسوں پرانی ویڈیو، اتفاق نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی

image

راولپنڈی میں اپنی اہلیہ حنا جاوید کے قتل کے مقدمے میں نامزد فیصل اصغر امام کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر دوبارہ گردش کرنے لگی ہے، جس میں وہ ایک فرضی مثال کے طور پر شوہر کے ہاتھوں بیوی کے قتل کا ذکر کرتے نظر آتے ہیں۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد صارفین کی توجہ اس اتفاق پر مرکوز ہوگئی ہے۔

یہ ویڈیو ایک کارپوریٹ ٹریننگ لیکچر کی ہے، جس میں فیصل اصغر امام مینجمنٹ کے موضوع پر گفتگو کر رہے تھے۔ لیکچر کا عنوان ’مینیجرز کو جج کرنا چاہیے یا مسئلے کو سمجھنا چاہیے‘ تھا۔

گفتگو کے دوران انہوں نے حاضرین کے سامنے ایک فرضی صورتحال رکھی اور سوال کیا کہ اگر ایک شوہر اپنی بیوی کو گولی مار دے تو کیا اسے فوراً درست یا غلط قرار دینا چاہیے؟ اس کے بعد انہوں نے سمجھایا کہ کسی واقعے پر رائے قائم کرنے سے پہلے اس کے پسِ پردہ حالات کو دیکھنا ضروری ہے۔

فیصل نے اس مثال کو واضح کرنے کے لیے مختلف فرضی صورتیں بھی بیان کیں، جن میں شوہر کا شدید نشے میں ہونا، دماغ کے پری فرنٹل کورٹیکس میں رسولی کے باعث رویے میں تبدیلی آنا اور بیوی کی جانب سے شوہر کو دھوکا دینا شامل تھا۔ ان کا مقصد مینجمنٹ میں انسانی رویوں اور فیصلوں کو سمجھنے کا ایک فریم ورک بیان کرنا تھا۔

تاہم اپنی اہلیہ کے قتل کے مقدمے میں نام سامنے آنے کے بعد یہی پرانی ویڈیو ایک نئے تناظر میں سوشل میڈیا پر تیزی سے شیئر کی جانے لگی۔ صارفین اس ویڈیو کو موجودہ کیس کے ساتھ جوڑ کر دیکھ رہے ہیں، جس نے اس واقعے کو مزید توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ فیصل اصغر امام پر ابھی جرم ثابت نہیں ہوا اور قتل کا معاملہ زیرِ تفتیش ہے۔ اس لیے پرانی ویڈیو میں بیان کی گئی فرضی مثال کو موجودہ واقعے سے جوڑنے کے لیے فی الحال کوئی براہِ راست ثبوت موجود نہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US