بالی ووڈ فلم ’راز‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ مالینی شرما نے فلمی دنیا سے دور ہوکر بالکل مختلف طرز زندگی اپنا لیا۔ 2000 کی دہائی کے آغاز میں ماڈلنگ، میوزک ویڈیوز اور اداکاری سے شہرت حاصل کرنے والی مالینی شرما کو 2002 میں ریلیز ہونے والی فلم ’راز‘ میں بپاشا باسو اور ڈینو موریا کے ساتھ کام کرنے سے خاص پہچان ملی۔
فلم کے مقبول گانے ’آپ کے پیار میں‘ میں مالینی شرما کی موجودگی نے انہیں مداحوں میں مزید مقبول کردیا۔ وہ بمبئی وائکنگز کے گانے ’کیا صورت ہے‘ اور میکا سنگھ کے ’ساون میں لگ گئی آگ‘ سمیت متعدد میوزک ویڈیوز میں بھی نظر آئیں۔
مالینی شرما نے ٹی وی ڈراما ’CATS‘ میں بھی اداکاری کی تاہم کامیابی کے باوجود انہوں نے بتدریج شوبز سے دوری اختیار کرلی۔
رپورٹس کے مطابق مالینی شرما نے فلم ’انکاؤنٹر‘ کی شوٹنگ شروع ہونے سے صرف 48 گھنٹے قبل معذرت کرلی تھی جس کے بعد انہوں نے فلمی دنیا کو خیرباد کہہ کر ایک مختلف طرز زندگی اختیار کرلی۔
شوبز سے دوری کے بعد انہوں نے ’دی سلو لوکل‘ کے نام سے ایک منصوبہ شروع کیا جس میں مقامی کھانے، دستکاری اور تخلیقی سرگرمیوں پر توجہ دی گئی۔
اب مالینی شرما پونے کے قریب سہیادری پہاڑیوں میں ایک فارم ہاؤس چلاتی ہیں جہاں وہ اپنی ضرورت کی سبزیاں خود اگاتی ہیں اور فارم کی تازہ پیداوار سے مہمانوں کے لیے کھانے بھی تیار کرتی ہیں۔
تقریباً 23 برس بعد مالینی شرما حال ہی میں شو ’The Slow Local Diaries‘ میں کیمرے کے سامنے آئیں اور اپنی زندگی کے تجربات مداحوں کے ساتھ شیئر کیے۔
مالینی شرما نے ساتھی اداکار پریانشو چیٹر جی سے شادی کی تھی تاہم یہ رشتہ چند برس بعد طلاق پر ختم ہوگیا تھا۔ کبھی بالی ووڈ کے گلیمر کی دنیا کا حصہ رہنے والی مالینی شرما آج فلمی سیٹ اور کیمروں سے دور فطرت کے قریب ایک سادہ اور پُرسکون زندگی گزار رہی ہیں۔