ہری پور: 15 روز سے لاپتا آیت نور کی لاش کنویں سے برآمد، شہریوں کا شدید احتجاج

image

ہری پور میں 15 روز قبل لاپتہ ہونے والی کمسن بچی آیت نور کی لاش یونیورسٹی ٹاؤن کے ایک کنویں سے برآمد کرلی گئی۔

پولیس کے مطابق آیت نور گھر سے باہر کھیلنے کے لیے نکلی تھی، جس کے بعد وہ لاپتا ہوگئی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے دوران تین مشتبہ ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں سے دو جیل میں ہیں جبکہ ایک پولیس حراست میں ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے مبینہ طور پر بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا اور لاش کنویں میں پھینک دی۔

لاش برآمد ہونے کے بعد اسے ٹراما سینٹر ہری پور منتقل کیا گیا، جہاں آیت نور کے اہل خانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔ بچی کی لاش دیکھ کر والد غم سے نڈھال ہوگئے۔

واقعے پر مشتعل شہریوں نے ٹراما سینٹر کے باہر احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کردی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ کمسن آیت نور کے قتل میں ملوث ملزمان کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔

پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ گرفتار ملزمان سے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US