نیو کراچی میں کار پر فائرنگ سے فیکٹری مالک جاں بحق، نیوز ویب سائٹ کا کارڈ برآمد

image

کراچی کے علاقے نیو کراچی میں ایوب گوٹھ، ملک آغا ہوٹل کے قریب کار پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا، جس کی لاش کو ریسکیو کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت ابتدائی طور پر ان کے پاس سے ملنے والے کارڈ سے 48 سالہ عمران گوگن ولد غلام گوگن کے نام سے ہوئی۔ مقتول بہادر آباد کا رہائشی تھا اور اس کی سائٹ ایریا میں فیکٹری ہے۔ جاں بحق شخص سہراب گوٹھ سے ایوب گوٹھ کے راستے نیو کراچی جا رہا تھا۔

ابتدائی طور پر واقعے میں کسی نجی نیوز ویب سائٹ سے وابستگی کی اطلاعات سامنے آئیں، تاہم ویب سائٹ انتظامیہ کے مطابق مقتول کا ان کے ادارے سے کوئی تعلق نہیں تھا اور وہ کسی بھی نیوز چینل سے وابستہ نہیں تھے۔

پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ بظاہر ٹارگٹڈ حملہ اور ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے۔ حملے کے دوران گاڑی پر ایک گولی چلائی گئی جو مقتول کی گردن پر لگی۔ واقعے کے اصل محرکات اور حملہ آوروں کی شناخت کے لیے تفتیش جاری ہے جبکہ پولیس حکام کی جانب سے علاقے سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US